باپ اور بیٹے کے رشتہ پر بنائی گئی فلم بیڈ نمبر 17 کا ٹریلر ریلیز کردیا گیا ہے۔ فلم کے ہدایت کار میر سرور نے عوام سے اس فلم کو ضرور دیکھنے کی اپیل کی ہے۔
عالمی وبا کورونا وائرس اور جموں و کشمیر کی خصوصی حثیت کی منسوخی کے بعد خطے میں پیدا شدہ صورتِحال میں بہتری آنے کے ساتھ ہی وادی میں فلموں کی شوٹنگ کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوا۔
امسال متعدد بالی ووڈ کے اداکار اور پروڈکشن ہاؤس وادی کے دورے پر آئے اور کئی نغموں اور فلموں کو یہاں فلمایا بھی گیا۔ گزشتہ شب اداکار و ہدایتکار میر سرور کی فلم بیڈ نمبر 17 کا ٹریلر جاری کیا گیا۔ یہ وادی میں فلمائی گئی امسال ریلیز ہونے والی پہلی فلم ہوگی۔
اس کے متعلق ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے میر سرور کا کہنا تھا کہ میں نے اس فلم میں پہلی بار ہدایتکاری کی ہے۔ اس سے قبل دی کشمیر ڈیلی کو پروڈیوس کر چکا ہوں۔
فلم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ فلم کشمیر میں ہی فلمائی گئی ہے اور یہ فلم بیٹے اور باپ کے رشتہ پر مبنی ہے۔ آج اس کا ٹریلر ریلیز کیا گیا ہے اور اس کے لیے ہم سب نے کافی محنت بھی کی ہے۔
انھوں نے عوام سے گزارش کیا ہے کہ اس فلم کو ضرور دیکھیں اور مجھے امید ہے کہ آپ کو ہمارا کام پسند آئے گا۔ میں اپنی پوری ٹیم کا شکریہ بھی ادا کرنا چاہتا ہوں۔